چند اہم نکات

سایٹ دفتر حضرت آیة اللہ العظمی ناصر مکارم شیرازی

صفحه کاربران ویژه - خروج
ذخیره کریں
 
تفسیر نمونہ جلد 07
وہ کام جو ہونا چاہیےایک اہم اسلامی حکم ،خمس

1۔ حق کی باطل سے جدائی کا دن: اس آیت میں یوم بدر کو حق کی باطل سے جدائی کا دن (یوم الفرقان) اور کفر کے طرفداروں کی ایمان کے طرفداروں سے مڈبھیڑ کا دن قرار دیا گیا ہے اور اس طرف اشارہ کیا گیا ہے کہ بدر کا تاریخی دن ایک ایسا دن تھا جس میں پیغمبر اسلام کی حقانیت کی نشانیاں ظاہر ہوئیں کیونکہ آپ نے پہلے سے مسلمانوں سے کامیابی کا وعدہ کررکھا تھا جب کہ ظاہراً اس کی کوئی نشانی موجود نہ تھی۔ ایسے میں کامیابی کے ایسے مختلف غیر متوقع عوامل اکٹھے ہوگئے کہ جنہیں اتفاق قرار نہیں دیا جاسکتا۔ اس بناء پر ان آیات کی صداقت کہ جو رسول اللہ پر ایسے دن نازل ہوئیں ان کی دلیل خود انہی میں پوشیدہ ہے۔
دوسری بات یہ ہے کہ جنگِ بدر کا دن(یوم التقی الجمعان) در حقیقت مسلمانوں کے لئے ایک عظیم خدائی نعمت کی حیثیت رکھتا تھا۔ ابتداء میں ایک ۔گروہ اس جنگ سے احتراز کرتا تھا لیکن یہی جنگ اور اس میں کامیابی انھیں کئی سال آگے لے گئی اور مسلمانوں کا نام اور شہرت اس کے سبب تمام جزیرہٴ عرب میں پھیل گئی اور اس نے تمام اہلِ عرب کو نئے دین اور اس کی حیرت انگیز قدرت کے بارے میں سوچنے پر مجبور کردیا۔
ضمناً یہ دن کہ جو امت اسلامی کے لئے بھی ”و انفسنا“ یعنی نفسا نفسی کا دن تھا اسلام کے سچے مومن، جھوٹے دعویداروں سے ممتاز ہوگئے لہٰذا یہ دن ہر لحاظ سے حق کی باطل سے جدائی کا دن تھا۔
۲۔ ایک وضاحت : اس سورہ کی ابتداء میں ہم کہہ چکے ہیں کہ سورہ انفال کی آیت میں کوئی تضاد نہیں ہے اور اس بات کی ضرورت نہیں کہ ہم ایک کو دوسری کا ناسخ سمجھیں کیونکہ آیہ انفال کا تقاضا یہ ہے کہ جنگی غنائم بھی پیغمبر سے متعلق ہیں لیکن رسول اللہ پانچ میں سے چار حصّے جنگجو غاریوں کو بخش دیتے ہیں اور پانچواں حصّہ ان مصارف کے لئے جو آیت میں معین ہوئے ہیں رکھ لیتے ہیں۔ مزید توضیح کے لئے اسی سورہ کی پہلی آیت کے ذیل میں کی گئی بحث کی طرف رجوع کیجئے۔
۳۔ ”ذی القربیٰ“ سے کیا مراد ہے: اس آیت میں ”ذی القربیٰ“ سے مراد نہ تو سب لوگوں کے رشتہ دار ہیں اور نہ ہی رسول اللہ کے سب رشتہ دار بلکہ آئمہ اہلِ بیت مراد ہیں۔ اس امر کی دلیل وہ متواتر روایات ہیں جو اہل بیت پیغمبر کے طرق سے نقل ہوئی ہیں۔(۱) کتب اہل سنت میں بھی اس طرف اشارے موجود ہیں۔
اس بناء پر وہ لوگ کہ جو خمس کے ایک حصّے کو پیغمبر اسلام کے تمام رشتہ داروں سے متعلق قرار دیتے ہیں انھیں اس سوال کا سامنا کرنا پڑے گا کہ یہ کیسا امتیاز ہے جو اسلام نے پیغمبر کے رشتہ داروں سے متعلق روا رکھا ہے حالانکہ ہم جانتے ہیں کہ اسلام نسل، قوم اور قبیلہ سے بالاتر ہے۔ لیکن اگر اسے آئمہ اہل بیت(علیه السلام) سے مخصوص سمجھیں تو اس طرف توجہ کرتے ہوئے کہ وہ رسول اللہ کے جانشین اور اسلامی حکومت کے رہبر و رہنما تھے اور ہیں تو خمس کا ایک حصّہ ان سے مختص کیے جانے کی علت واضح ہوجاتی ہے۔ دوسرے لفظوں میں خدا کا حصّہ ، پیغمبر کا حصّہ اور ذی القربیٰ کا حصّہ تینوں حصّے حکومت اسلامی کے قائد و رہبر سے تعلق رکھتے ہیں ۔ وہ اپنی سادہ زندگی کا اس سے انتظام کرتا ہے باقی مختلف مخارج کہ جو رہبری امت کا لازمہ ہیں کے لئے صرف کرتا ہے۔ یعنی حقیقت می یہ حصّہ معاشرے اور عوام کی ضرورت کے یے ہے۔
بعض مفسرین اہل سنت ”ذی القربیٰ“ پیغمبر اکرم کے تمام رشتہ داروں کو سمجھتے ہیں۔ مثلاً المنار کا موٴلف بھی اسی بات کا قائل ہوا ہے لہٰذا وہ مذکورہ اعتراض کے جواب میں ہاتھ پاؤں مارتا ہے اور پیغمبر خدا کی اسلامی حکومت کے لئے تشریفات اور تکلفات کا قائل ہوا ہے اور رسول اللہ کو اس بات کا ذمہ دار ٹھہراتا ہے کہ انہوں نے اپنی قوم و قبیلہ کو مال کے ذریعے اپنے گرد جمع رکھا۔ واضح ہے کہ اس قسم کی منطق کسی طرح بھی ایک عالمی اسلامی انسانی اور قوم و قبیلہ کے امتیازات سے پاک حکومت سے مناسبت نہیں رکھتی (اس سلسلے میں کچھ مزید توضیح بھی ہے جو آئندہ کی بحثوں میں آئے گی)۔
۴۔ ”یتامیٰ و مساکین و ابن السبیل“ سے یہاں کیا مراد ہے: کیا اس سے مراد صرف بنی ہاشم اور سادات کے یتیم، مسکین اور مسافر ہیں؟ اگر چہ ظاہر آیت تو مطلق ہے اور اس میں کوئی قید دکھائی نہیں دیتی۔ اس سلسلے میں ہم جو اسے منحصر قرار دیتے ہیں تو اس کی دلیل وہ بہت سی روایات ہیں جو طرق اہل بیت میں وارد ہوئی ہیں ۔ اور ہم جانتے ہیں کہ قرآن میں بہت سے احکام بطور آئے ہیں لیکن ان کی ”شرائط و قیود“ ”سنت“ کے وسیلے سے بیان ہوئی ہیں اور یہ بات زیر بحث آیت میں ہی منحصر نہیں جو تعجب کیا جائے۔
علاوہ ازیں اگر ہم دیکھیں کہ بنی ہاشم کے حاجت مندوں کے لئے زکوٰة مسلمہ طور پر حرام ہے تو چاہیے کہ کسی دوسرے ذریعے سے ان کی احتیاجات پوری کی جائیں۔ یہی امر اس کا قرینہ ہے کہ مندرجہ بالا آیت میں بنی ہاشم کے حاجت مندوں کے لئے مخصوص حکم ہے۔ لہٰذا احادیث میں ہم پڑھتے ہیں کہ امام صادق علیہ السلام فرماتے ہیں:
جب خدا تعالیٰ نے ہم پر زکوٰة حرام فرمائی تو ہمارے لئے خمس مقرر فرمایا یہی وجہ ہے کہ زکوٰة ہم پر حرام ہے اور خمس حلال ہے۔(۲)
۵۔ کیا ”غنائم“ سے مرادفقط جنگی مال غنیمت ہے؟: دوسرا اہم موضوع جس پر اس آیت کے حوالے سے تحقیق کیا جانا چاہیے اورر در حقیقت جس میں ایک اچھی بحث متمر کز ہے، یہ ہے کہ لفظ غنیمت جو زیر نظر آیت میں آیا ہے کیا فقط جنگی مال غنیمت کے بارے میں ہے یا اس کے مفہوم میں ہر طرح کی آمدنی شامل ہے۔
پہلی صورت میں آیت فقط جنگی غنائم کے خمس کے بارے میں بیان کررہی ہے اور دیگر امور میں خمس کے بارے میں ہمیں صحیح و معتبر سنت اور روایات سے استفادہ کرنا چاہیے اور اس بات میں کوئی امر مانع نہیں کہ قرآن نے جہاد کے مسائل کے ذیل میں خمس کے ایک حصّے کی طرف اشارہ کیا ہے اور دوسرے حصّے کے بارے میں سنت سے وضاحت کی جائے۔
مثلاً قرآن مجید میں ہر روز کی پنجگانہ نماز کا صریحاً ذکر ہے اور اسی طرح واجب نمازوں میں سے طواف کی نمازوں کی طرف اشارہ کیا گیا ہے لیکن نماز آیات جس پر شیعہ سنی تمام مسلمانوں کا اتفاق ہے اس کا ذکر قرآن مجید میں نہیں آیا۔ اور کوئی یہ نہیں کہتا کہ نماز آیات کا چونکہ قرآن میں ذکر نہیں اور اس کا تذکرہ فقط سنت پیغمبر میں آیا ہے لہٰذا اس پر عمل نہیں کیا جانا چاہیے۔
اسی طرح قرآن میں بعض غسلوں کی طرف اشارہ ہوا ہے اور بعض کا ذکر نہیں کیا گیا۔ کیا ان سے صرف نظر کرلیا جائے۔ یہ ایسی منطق ہے جسے کوئی مسلمان قبول نہیں کرتا۔
لہٰذا اس امر میں کوئی اشکال نہیں کہ قرآن خمس کے مواقع میں سے صرف ایک کی طرف اشارہ کرے اور باقی کو سنت پر چھوڑدے۔ فقہ اسلام میں ایسی مثالیں بہت زیادہ ہیں لیکن اس کے باوجود ہمیں دیکھنا چاہیے کہ لفظ غنیمت لغت میں اور عرف میں کیا معنی دیتا ہے۔ کیا واقعاً یہ لفظ جنگی غنائم میں منحصر ہے یا ہر قسم کی آمدنی اس کے مفہوم میں شامل ہے۔ جو کچھ لغت کی کتب سے معلوم ہوتا ہے یہ ہے کہ اس لفظ کی اصل جنگ کے حوالے سے نہیں اور نہ یہ اس چیز ہی کو کہتے ہیں جو دشمن سے ہاتھ لگے بلکہ ہر قسم کی درآمد اور وصولی کو کہتے ہیں ۔ بطور شاہد ہم چند ایک ایسی مشہور لغت کی طرف اشارہ کرتے ہیں جو علماء اور ادباء عرب کی موردِ استناد ہیں۔
”لسان العرب“ کی جلد ۱۲ میں ہے:
والغنم الفوز بالشیٴ من غیر مشقة ----و الغنم، الغنیمة و الغنم الفیٴ ----- وفی الحدیث الرہن لمن رھنہ لہ غنمہ و علیہ غرمہ، غنمہ زیادتہ و نمآئہ و فاضل قیمتہ----وغنم الشیٴ فاز بہ---
”غنم“
یعنی مشقت اور زحمت کے بغیر کسی چیز پر دسترس حاصل کرنا۔ نیز”غنم“ ”غنیمت“ اور ”مغنم“ فییٴ کے معنی میں ہیں (فییٴ بھی لغت میں ایسی چیزوں کے معنی میں ہے جو زحمت اور اور تکلیف اٹھائے بغیر انسان تک پہنچ جائیں) اور حدیث میں آیا ہے کہ ”رھن“ اس کے لئے ہے جس نے اسے اپنے پاس رہن رکھا ہے، غنیمت اور اس کے منافع اس کے لئے ہیں اوراس کا نقصان بھی اسی کے لئے ہوگا۔ نیز ”غنم“زیادتی،نمو اور قیمت میں اضافہ کے معنی ہے اور فلاں چیز کو غنیمت کے طور پر لیا یعنی اس تک دسترس حاصل کی۔
”تاج العروس“ جلد ۹ میں ہے:
”والغنم الفوز بالشیء بلا مشقة“
غنیمت ہر اس جیز کو کہتے ہیں جس پر انسان بغیر مشقت کے دسترس حاصل کرے کتاب ”قاموس“ میں اسی مذکورہ معنی میں ذکر ہوا ہے۔
مفردات راغب میں میں ہے:
”غنیمت“ ”غنم“ کی اصل سے گوسفند کے معنی سے لیا گیا ہے۔
راغب کہتا ہے:
”ثم استعملوا فی کل مظفور بہ من جھة العدی وغیرہ“
بعد ازاں یہ لفظ ہر اُس چیز کے لئے استعمال ہونے لگا جو دشمن سے یا غیر دشمن سے حاصل کیا جائے۔
یہاں تک کہ جن لوگوں نے ”غنیمت“ کے معانی میں سے ایک معنی ”جنگی غنائم“ بیان کیا ہے وہ بھی اس بات کا انکار نہیں کرتے کہ اس کا اصلی معنی ایک وسیع مفہوم رکھتا ہے جو انسان بغیر مشقت کے حاصل کرے۔
عام استعمال میں بھی”غنیمت “ ”غرامت “کے مقابلے میں ذکر ہوتا ہے۔تو جس طرح غرامت کا معنی وسیع ہے اور ہر قسم کے تاوان اور ادائیگی پر محیط ہے اسی طرح غنیمت بھی وسیع معنی رکھتا ہے اور ہرایسی در آمد اور وصولی پر محیط ہے جو قابل ملاحظہ ہو ۔نہج البلاغہ میں بہت سے مواقع پر یہ لفظ اسی معنی میں آیا ہے۔خطبہ ۷۶میں ہے:
اغتنم المھل
مہلتوں اور مواقع کو غنیمت سمجھو۔
خطبہ ۱۲۰میں ہے:
من اخذھا لحق و غنم
جو شخص دین خدا پر عمل کرے گا وہ منزل مقصود تک پہنچ جائے اور فائدے اٹھائے گا ۔
خطبہ ۵۳میں حضرت امیرالمومنین علیہ السلام مالک اشتر سے فرماتے ہیں:
ولا تکونن علیھم سُبُعاً ضاریا تغتنم اٴکلہم
مصر کے لوگوں کے لئے درندے کی طرح نہ ہوجانا کہ انھیں کھا جا نا اپنے لئے غنیمت اور در آمد سمجھنے لگو۔
خطبہ ۴۵ میں عثمان بن خلیف سے فرماتے ہیں :
فو الله ما کنزت من دنیاکم تبراً ولا اٴدخرت من غنائمھا و فرا
خدا کی قسم میں تمھارے سونے سے ذخیرہ اکٹھا نہیں کیا اور اس کے غنائم اور در آمدات سے زیادہ مال جمع نہیں کیا۔
نیز کلمات قصار کے جملہ ۳۳۱میں آپ فرماتے ہیں :
ان اللهجعل الطاعة غنیمة الا کیاس
خدا نے اطاعت کو عقلمندوں کے لئے غنیمت اور فائدہ قرار دیا۔
خطبہ ۴۱ میں ہے:
و اغتنم من استقر ضک فی حال غناک
اگر کوئی شخص تیری تونگری کی حالت تجھ سے قرض چاہے تو اسے غنیمت سمجھ
اس قسم کی دیگر تعبیریں بہت زیا دہ ہیں ججو سب کی سب نشاندہی کرتی ہیں کہ لفظ غنیمت جنگی غنائم میں منحرف نہیں ہے۔
باقی رہے مفسرین --------تو بہت سے مفسرین کہ جنہوں نے اس آیت کے بارے میں بحث کی ہے،صراحت کے ساتھ اعتراف کیا ہے کہ ”غنیمت“اصل میں ایک وسیع معنی رکھتی ہے اور اس میں جنگی غنائم اور ان کے علاوہ غنائم اورکلی طور پر ہر وہ چیز شامل ہے جسے انسان زیادہ مشقت کے بغیر حاصل حاصل کرلے۔ یہاں تک کہ جنہوں نے فقہاء اہل سنت کے فتویٰ کی بناء پر آیت کو جنگی غنائم کے ساتھ مخصوص کیا ہے وہ پھر بھی اعتراف کرتے ہیں کہ اس کے اصلی معنی میں یہ قید موجود نہیں ہے بلکہ انہوں نے ایک اور دلیل کی وجہ سے یہ قید لگائی ہے۔
اہلِ سنت کے مشہور مفسر قرطبی اپنی تفسیر میں آیت کے ذیل میں یوں رقم طراز ہے:
جان لو کہ (علماء اہل سنت) کا اس پر اتفاق ہے کہ آیت (و اعلموآ انما غنمتم) میں غنیمت سے مراد وہ اموال ہیں کہ جو جنگ میں قہر و غلبہ کی وجہ سے لوگوں کو ملیں لیکن توجہ رہے کہ یہ قید جیسا کہ ہم نے کہا ہے اس کے لغوی معنی میں موجود نہیں ہے لیکن عرف شرع میں یہ قید آئی ہے۔(3)
فخرالدین رازی اپنی تفسیر میں تصریح کرتے ہیں:
الغنم الفوز بالشیٴ
غنیمت یہ ہے کہ انسان کسی چیز کے حصول پر کامیاب ہوجائے۔
لغت کے لحاظ سے اس معنی کے ذکر کے بعد کہتے ہیں:
غنیمت کا شرعی معنی (فقہاء اہل سنت کے نظریے کے مطابق) وہی جنگی غنائم ہیں۔(4)
نیز تفسیر المنار میں غنیمت کا ایک وسیع معنی ذکر کیا گیا ہے اور اسے جنگی غنائم سے مخصوص نہیں کیا گیا اگر چہ صاحبِ تفسیر کا عقیدہ ہے کہ مندرجہ بالا آیت کے وسیع معنی کو قید شرعی کی وجہ سے جنگی غنائم ہی میں محدود سمجھنا چاہیے ۔(5)
مشہور سنی مفسر آلوسی کی تفسیر ”روح المعانی“ میں بھی ہے کہ:
”غنم“ اصل میں ہر قسم کے فائدے اور منفعت کے معنی میں ہے۔(6)
تفسیر مجمع البیان میں پہلے تو غنیمت کو جنگی غنائم کے ساتھ تفسیر کیا گیا ہے لیکن آیت کی تشریح کے موقع پر لکھا ہے:
قال اصحابنآ ان الخمس واجب فی کل فائدة تحصل للانسان من المکاسب و ارباح التجارات، و فی الکنوز و المعادن و الغوص و غیر ذٰلک مما ھومذکور فی الکتب ویمکن ان یستدل علٰی ذٰلک بھٰذھ الاٰیة فان فی عرف اللغة یطلق علی جمیع ذٰلک اسم الغنم و الغنیمة۔(7)
علماء شیعہ کا یہ نظر یہ ہے کہ خمس ہر اس فائدے پر وواجب ہے جو انسان حاصل کرتا ہے چاہے وہ کسب تجارت کے طریق سے ہو یاخزانہ اور معدنیات سے یا دریا میں غوطہ کے ذریعے سے اور دیگر وہ امور جو کتبِ فقہ میں مذکورہ ہیں اور اس آیت سے بھی اس دعویٰ پر استدلال پیش کیا جاسکتا ہے کیونکہ عرفِ لغت میںان تمام چیزوں کو غنیمت کہا جاتا ہے۔
حیرانگی کی بات ہے کہ ایک خود غرض شخص جو عوام کے افکار میں سم پاشی کے لئے خاص طور پر مامور ہے اس نے خمس کے بارے میں ایک کتاب لکھی ہے۔ اس میں اس نے تفسیر مجمع البیان کی عبارت میں رسوا کنندہ تحریف کی ہے۔ اس کی عبارت کے پہلے حصّے کو جس میں غنیمت کی تفسیر کے لئے جنگی غنائم کا ذکر کیا گیا ہے بیان کردیا گیا ہے لیکن اس توضیح کو جو اس کے لغوی معنی کی عمومیت کے لئے اور آیت کے معنی کے حوالے سے آخر میں کی گئی ہے اسے بالکل نظر انداز کردیا گیا ہے اور اس عظیم اسلامی مفسر کی طرف ایک جھوٹے مطلب کی نسبت دی گئی ہے۔ گویا اس کے خیال میں تفسیر مجمع البیان صرف اسی کے پاس ہے اور کوئی دوسرا اس کا مطالعہ نہیں کرے گا اور تعجب کی بات یہ ہے کہ اس خیانت کا وہ صرف اسی موقع پر مرتکب نہیں ہوا بلکہ دوسرے مواقع پر بھی جو کچھ اس کے فائدے میں تھا اسے لے لیا ہے کہ اس کے نقصان میں تھا اسے نظر انداز کردیا ہے۔
تفسیر المیزان میں بھی علماء لغت کے کلمات کے حوالے سے تصریح کی گئی ہے کہ ”غنیمت“ ہر قسم کے فائدہ کو کہتے ہیں کہ جو تجارت یا کسب و کار یا جنگ کے ذریعے انسان کے ہاتھ لگے اور زیر نظر آیت کا محل نزول اگر چہ جنگی غنائم ہے تا ہم ہم جانتے ہیں کہ محل نزول آیت کے مفہوم کی عمومیت کو مخصوص نہیں کرسکتا۔(8)
جو کچھ کہا جا چکا ہے اس تمام سے یہ نتیجہ نکلتا ہے کہ:
آیت غنیمت ایک وسیع معنی رکھتی ہے اور ہر قسم کی آمدنی، فائدے اور منفعت پر محیط ہے کیونکہ اس لفظ کا لغوی معنی عام ہے اور اسے کسی خاص معنی میں محدود کرنے کے لئے کوئی واضح دلیل موجود نہیں ہے۔ وہ واحد چیز جس کا بعض اہل سنت مفسرین نے سہارا لیا ہے یہ ہے کہ قبل وبعد کی آیات جہادکے بارے میں نازل ہوئی ہیں اور یہ امر اس بات کا قرینہ ہے کہ آیتِ غنیمت میں بھی جنگی غنائم کی طرف اشارہ ہے جبکہ ہم جانتے ہیں کہ آیتوں کی شانِ نزول اور سیاق وسباق آیت کی عمومیت کو محدود نہیں کرتے، زیادہ واضح الفاظ میں یہ کہاجاسکتاہے کہ اس میں کوئی مانع نہیں کہآیت کا مفہوم عمومی ہو جبکہ اس کا محلِ نزول جنگی غنائم ہوں کہ جو اس کُلّی حکم کا ایک جزوی مصداق ہی، مثلاً سورہٴ حشر کی آیت۷ میں ہے:
<َمَا آتَاکُمْ الرَّسُولُ فَخُذُوہُ وَمَا نَھَاکُمْ عَنْہُ فَانْتَھُوا
جو کچھ پیغمبر تمھارے لئے لائے اسے لئے لو اور جس سے منع کرے اس سے رک جاوٴ۔
فرامین پیغمبرکی پیروی کے لازمی ہونے کے بارے میں یہ آیت ایک عمومی حکم بیان کررہی ہے حالانکہ اس کا محلِ نزول ایسے اموال ہیں کہ جو دشمنوں سے بغیر جنگ کے مسلمانوں کے ہاتھ لگیں (اور اصطلاح میں اسے ”فییٴ“کہتے ہیں)۔
نیز سورہٴ بقرہ کی آیت۱۳۳ میں یہ قانون ایک عمومی صورت میں بیان ہوا ہے:
<َاتُکَلَّفُ نَفْسٌ إِلاَّ وُسْعَھَا
کسی شخص کو اس کی طاقت سے زیادہ ذمہ داری نہیں دی جاسکتی۔
حالانکہ اس آیت کا محلِ نزول دودھ پلانے والی عورتوں کی اجرت ہے اور نومولود کے باپ کو حکم دیا گیا کہ وہ اپنی طاقت کے مطابق انھیں اجرت دے، تو کیا ایسے خاص موقع پر آیتکا نازل ہوا اس قانون (جس کی طاقت نہ ہو وہ ذمہ داری نہیں ہے) کی عمومیت کم ختم کردیتا ہے؟
خلاصہ یہ ہے کہ آیت جہاد کی آیات کے ضمن میں آئی ہے لیکن کہتی ہے کہ ہر فائدہ جو تمھیں کسی بھی مقام سں حاصل ہو کہ جس میں ایک جنگی مال غنیمت ہے اس کا خمس ادا کرو، خصوصاً لفظ ”ما“ موصولہ ہے اور لفظ ”شیء“ دونوں عام ہیں اور کوئی قید وشرط نہیں رکھتے اس امر کی تائید کرتے ہیں۔
۶۔ کیا نصف خمس کا بنی ہاشم کے لئے مخصوص ہوناترجیح نہیں ہے؟ بعض یہ خیال کرتے ہیں کہ اسلام کا یہ مالیاتی حکم بیس فیصد اموال پر مشتمل ہے اس سے آدھا یعنی دس فیصد سادات اور اولادِ پیغمبرکے ساتھ مخصوص ہے، یہ ایک قسم کا نسلی اور خاندانی امتیاز ہے اور اس میں یوں رشتہ داری کو ترجیح دی گئی ہے اور یہ بات اسلام کی عدالتِ اجتماعی اور اس کے عالمی ہونے کی روح کے ساتھ مناسبت نہیں رکھتی۔
اس کا جواب یہ ہے کہ جو لوگ ایسی سوچ رکھتے ہیںانھوں نے اس اسلامی حکم کی شرائط اور خصوصیات کا مطالعہ نہیں کیا کیونکہ اس اعتراض کا مکمل جواب خود انہی شرائط میں پوشیدہ ہے۔
اس کی وضاحت یہ ہے کہ:
پہلی بات تو یہ ہے کہ آدھا خمس جو سادات اور بنی ہاشم سے مربوط ہے وہ ان میں سے صرف حاجتمندوں کو دیا جانا چاہیے وہ بھی ایک سال کی ضروریات کے مطابق اور اس سے زیادہ نہیں، اس بناء پر صرف وہی افراد اس سے استفادہ کرسکتے ہیں جو بالکل کام نہیں کرسکتے اور بیمار ہیں یا یتیم چھوٹے بچّے ہیں اور یا وہ ہیں جو کسی وجہ سے زندگی کے مخارج کے لحاظ تنگی اور سختی سے دوچار ہیں لہٰذا وہ لوگ جو کام کرنے کی قدرت رکھتے ہیں (بالفعل یا با لقوہ) ان کی ایسی آمدن ہے جو ان کے بارِ زندگی کو چلا سکے تو وہ خمس کے اس حصّے سے ہر گز استعفادہ نہیں کرسکتے اور یہ بات جو بعض عوام میں مشہور ہے کہ سادات خمس لے سکتے ہیں چاہے ان کے گھر کا پر نالا سونے کا ہو۔ در اصل یہ ایک جاہلانہ عوامی بات سے زیادہ قیمت نہیں رکھتی اور اس کی کوئی بنیاد نہیں۔
دوسری بات یہ ہے کہ سادات اور بنی ہاشم کے فقراء و مساکین حق نہیں رکھتے کہ زکوٰة میں سے کوئی چیز صرف کریں اور اس کی بجائے صرف خمس کے اسی حصّہ سے صرف کرسکتے ہیں۔(9)
تیسری بات یہ ہے کہ اگر سہم سادات جو کہ خمس کا آدھا حصّہ ہے موجود سادات کی ضروریات سے زیادہ ہو تو اسے بیت المال میں داخل کرنا ہوگا اور اسے دوسرے مخارج میں صرف کیا جائے گا۔ جیسا کہ اگر سہمِ سادات ان کی کفایت نہ کرے تو بیت المال یا سہم زکوٰة میں سے ان کی ضروریات پوری کی جائیں گی۔
مندرجہ بالا تینوں پہلووٴں کی طرف توجہ کرنے سے واضح ہوجاتا ہے کہ حقیقت میں مادی لحاظ سے سادات اور غیر سادات میں کوئی فرق نہیں رکھا گیا۔
غیر سادات محتاج اپنے سال بھر کے مخارج زکوٰة سے لے سکتے ہیں لیکن وہ خمس سے محروم ہیں اور سادات میں سے جو محتاج ہیں وہ صرف خمس سے استفادہ کرسکتے ہیں لیکن زکوٰة سے استفادہ کا حق نہیں رکھتے۔
در حقیقت یہاں دو صندوق موجود ہیں۔ خمس کا صندوق اور زکوٰة کا صندوق۔ ان دو گرہوں میں سے ہر ایک کا حق ہے کہ ان دو میں سے صرف ایک سے استفادہ کرے وہ بھی مساوی مقدار میں یعنی ایک سال کی ضرورت کے برابر (غور کیجیے گا)۔
لیکن جن لوگوں نے ان شرائط اور خصوصیات میں غور نہیں کیا وہ خیال کرتے ہیں کہ سادات کے لئے بیت المال سے زیادہ حصّہ مقرر کیا گیا ہے یا وہ مخصوص امتیاز سے نوازے گئے ہیں۔
صرف ایک سوال سامنے آتا ہے اور وہ یہ کہ اگر ان دو کے درمیان نتیجہ کے لحاظ سے کوئی فرق نہیں ہے تو پھر ایسے مختلف پروگرام کا کیا مقصد ہے؟
ایک مطلب پر توجہ کرنے سے اس سوال کا جواب بھی معلوم ہوسکتا ہے اور وہ یہ کہ خمس اور زکوٰة میں ایک اہم فرق ہے اور وہ یہ کہ زکوٰة ایسے مالیات میں سے ہے جو در اصل عام اسلامی معاشرے کے اموال کا جزء شمار ہوتے ہیں لہٰذا ان کے مصارف بھی عموماً اسی حصّہ میں ہوتے ہیں لیکن خمس ایسے مالیات میں سے ہے جو حکومتِ اسلامی سے مربوط ہیں یعنی اسلامی حکومت چلانے والوں کے مخارج و مصارف اس سے پورے ہوتے ہیں۔
اس بناء پر سادات کا عمومی اموال (زکوٰة) سے دور ہونا در حقیقت اس لئے ہے کہ اس حصہ سے پیغمبر کے رشتہ داروں کو دور رکھا جائے تاکہ مخالفین کے ہاتھ یہ بہانہ نہ آئے کہ پیغمبر نے اپنے رشتہ داروں کو عمومی اموال پر مسلط کردا ہے۔ لیکن دوسری طرف محتاج سادات کا بھی کسی طرح گزارہ ہونا چاہیے تو اس کا اسلامی قوانین میں یہ اہتمام کیا گیا ہے کہ اسلامی حکومت کے فنڈسے ان کی ضروریات پوری کردی جائیں نہ کہ عام لوگوں کے فنڈسے ۔ حقیقت میں خمس نہ صرف یہ کہ سادات کے لئے ایک امتیاز نہیں ہے بلکہ انھیں عام لوگوں کے مفاد سے ایک طرف رکھنے کے لئے اور کسی قسم کے بُرے گمان کے پیدا ہونے سے بچنے کے لئے بھی ایک اقدام ہے۔(10)
یہ بات جاذب نظر ہے کہ اس امر کی طرف شیعہ اور سنی کتب میں اشارہ ہوا ہے۔ ایک حدیث میں امام صادق علیہ السلام نے فرمایا ہے:
بنی ہاشم کا ایک گروہ وہ پیغمبر کی خدمت میں پہنچا اور تقاضا کیا کہ انھیں چوپایوں کی زکوٰة جمع کرنے پر مامور کریں اور کہا کہ یہ حصّہ جو خدانے زکوٰة جمع کرنے والوں کے لئے معین کیا ہے ہم اس کے زیادہ حقدار ہیں۔
پیغمبر خدانے فرمایا اسے بنی عبدالمطلب: زکوٰة نہ میرے لئے حلال ہے اور نہ تمھارے لئے لیکن میں تمھیں اس محرومیت کے بدلے شفاعت کا وعدہ کرتا ہوں۔ تم اس پر جو خدا اور رسول نے تمھارے لئے معین کیا ہے راضی رہو(اور زکوٰة سے سروکار نہ رکھو)۔
وہ کہنے لگے: ہم راضی ہیں۔(11)
اس حدیث سے اچھی طرح معلوم ہوتا ہے کہ بنی ہاشم اس چیز کو اپنے لئے ایک قسم کی محرومیت سمجھتے تھے اور پیغمبر اسلام نے انھیں اس کے بدلے شفاعت کا وعدہ دیا۔
صحیح مسلم جو اہل سنت کی نہایت مشہور کتاب ہے اس میں سے ایک حدیث کا خلاصہ یہ ہے:
عباس اور ربیعہ بن حارث پیغمبر کی خدمت میں آئے اور انہوں نے تقاضا کیا کہ ان کے بیٹے یعنی عبدالمطلب بن ربیعہ اور فضل بن عباس کو جو دو نوجوان تھے زکوٰة کی جمع آوری پر مامور کیا جائے تاکہ دوسرے لوگوں کی طرح وہ بھی زکوٰة سے حصّے لے سکیں اور اپنی اپنی شادی کے مصارف اس طرح سے فراہم کرسکیں۔
پیغمبر نے انھیں اس سے روکا اور حکم دیا کہ کسی اور طریقے سے ان کی شادیوں کے اسباب فراہم کیے جائیں محل خمس سے ان کی بیویوں کا حق مہردیا جائے۔(12)
اس حدیث سے بھی کہ جس کی تشریح بڑی طویل ہوتا ہے کہ رسول اللہ اصرار کرتے تھے کے اپنے رشتہ داروں کو زکوٰة (کہ جو عام لوگوں کا مال تھا) لینے سے دور رکھیں۔
جو کچھ ہم نے کہا ہے اس سے مجموعی طور پر معلوم ہوتا ہے کہ خمس نہ صرف سادات کے لئے کوئی امتیاز اور خصوصیت شمار نہیں ہوتا بلکہ عمومی مصالح کی حفاظت کے لئے ایک طرح کی محرومی ہے۔
۷۔ خدا کے حصّے سے کیا مراد ہے؟: ”لِلّٰہ“ کہہ کر خدا کا حصّہ بیان کیا گیا ہے۔ اس طرح سے اصل سے اصل مسئلہ خمس کی زیاد اہمیت بیان کی گئی ہے نیز پیغمبر اکرم اور اسلامی حکومت کے رہبر و راہنما کی ولایت و حاکمیت کی تاکید و تثبیت کی گئی ہے۔ یعنی جیسے خدا تعالیٰ نے اپنے لئے ایک حصّہ مقرر کیا ہے اور خود کو اس میں تصرف کا زیادہ حق دار قرار دیا ہے اسی طرح اس نے پیغمبر اور امام مصلحت سمجھیں گے صرف ہوگا اور خدا کو تو کسی حصّے کی ضرورت نہیں ہے۔

 

۴۲- إِذْ اٴَنْتُمْ بِالْعُدْوَةِ الدُّنْیَا وَھُمْ بِالْعُدْوَةِ الْقُصْوَی وَالرَّکْبُ اٴَسْفَلَ مِنْکُمْ وَلَوْ تَوَاعَدتُّمْ لَاخْتَلَفْتُمْ فِی الْمِیعَادِ وَلَکِنْ لِیَقْضِیَ اللهُ اٴَمْرًا کَانَ مَفْعُولًا لِیَھْلِکَ مَنْ ھَلَکَ عَنْ بَیِّنَةٍ وَیَحْیَا مَنْ حَیَّ عَنْ بَیِّنَةٍ وَإِنَّ اللهَ لَسَمِیعٌ عَلِیمٌ۔
۴۳- إِذْ یُرِیکَھُمْ اللهُ فِی مَنَامِکَ قَلِیلًا وَلَوْ اٴَرَاکَھُمْ کَثِیرًا لَفَشِلْتُمْ وَلَتَنَازَعْتُمْ فِی الْاٴَمْرِ وَلَکِنَّ اللهَ سَلَّمَ إِنَّہُ عَلِیمٌ بِذَاتِ الصُّدُورِ۔
۴۴- وَإِذْ یُرِیکُمُوھُمْ إِذْ الْتَقَیْتُمْ فِی اٴَعْیُنِکُمْ قَلِیلًا وَیُقَلِّلُکُمْ فِی اٴَعْیُنِھِمْ لِیَقْضِیَ اللهُ اٴَمْرًا کَانَ مَفْعُولًا وَإِلَی اللهِ تُرْجَعُ الْاٴُمُورُ۔
ترجمہ
۴۲۔اس وقت تم نچلی طرف تھے اور وہ اوپر کی طرف تھے (اور اس طرح سے دشمن تم پر برتری رکھتا تھا) اور (قریش کا) قافلہ تم سے نچلی طرف تھا اور ان پر دسترس ممکن نہ تھی اور ظاہراً کیفیت ایسی تھی کہ اگر تم ایک دوسرے سے وعدہ کرتے (کہ میدانِ جنگ میں حاضر ہوں گے) تو بالآخر اپنے وعدے میں اختلاف کرتے لیکن (یہ تمام مقدمات) اتمام حجت کے طور پر ہوں اور جو زندہ رہتے ہیں (اور ہدایت حاصل کرتے ہیں) واضح دلیل کے طور پر ہوں اور خدا سننے والا جاننے والا ہے۔
۴۳۔ اس وقت خدا نے عالم خواب میں تمھیں ان کی تعداد کم کرکے دکھائی اور اگر زیادہ کرکے دکھاتا تو مسلماً تم سست ہوجاتے اور (ان سے جنگ شروع کرنے کے سلسلے میں) تم میں اختلاف پڑجاتا لیکن خدانے (تمھیں ان سب سے) محفوظ رکھا۔ جو کچھ سینوں کے اندر ہے خدا اس سے دانا اور آگاہ ہے۔
۴۴۔ اور اس وقت کہ جب تم (میدان جنگ میں) ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوئے تو انھیں تمہاری نظر میں کم کرکے دکھاتا تھا اور تمھیں (بھی) ان کی نظر میں کم کرکے دکھاتا تھا تاکہ خدا اس کام کو عملی صورت بخشے جسے انجام پانا چاہیے (یہ اس لئے تھا تاکہ تم ڈرو نہیں اور جنگ کے لئے اقدام کرو اور انھیں بھی وحشت نہ ہوتا کہ وہ جنگ کے لئے تیار ہوں اور یوں وہ آخر کار شکست کھاجائیں) اور تمام کاموں کی بازگشت خدا کی طرف ہے۔

 


۱۔وسائل الشیعہ جلد ۶ بحث خمس کی طرف رجوع کیجئے۔
۲۔وسائل الشیعہ جلد ۶ خمس کی بحث کے ذیل میں اور مجمع البیان زیر نظر آیت کے ذیل میں اہل سنت کے طرق سے نیز اس سلسلے میں منقول روایات کی طرف ہم جلد اشارہ کریں گے۔
3۔ تفسیر قرطبی جلد ۴ ص ۲۸۴۰-
4۔ تفسیر فخر الدین رازی جلد ۱۵ ص ۱۶۴-
5۔ تفسیر المنار جلد ۱۰ ص ۳۔۸-
6۔تفسیر روح المعانی جلد ۱۰ ص ۲-
7۔تفسیر مجمع البیان جلد ۴ ص ۵۴۴۔۵۴۳-
8۔المیزان جلد ۹ صفحہ ۸۹-
9۔ بنی ہاشم ک زکوٰة سے محروم ہونا ایک ایسی مسلم چیز ہے جو حدیث اور فقہ کی بہت سی کتب میں موجود ہے۔ کیا یہ بات باور کی جاسکتی ہے کہ اسلام نے ہاشم کے علاوہ محتاجوں، یتیموں اور محروموں کے لئے تو فکر کی ہو لیکن بنی ہاشمکے محتاجوں کو ان کا کوئی انتظام کیے بغیر پھوڑدیا ہو۔
10۔ اگر ہم دیکھتے ہیں کہ بعض روایات میں عبارت آئی ہے:
کرامة لہم عن اوساخ الناس
تو اس کا مقصد یہ تھا کہ سادات زکوٰة سے جو ایک طرح سے لوگوں کے مال کی میل کچیل ہے، الگ رہیں ۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ ایک طرف تو سادات کو اس ممنوعیت اور محرومیت پر قانع کیا جائے اور دوسری طرف سے لوگوں کو سمجھایا جائے کہ جتنا ہوسکے بیت المال پر بوجھ نہ بنیں اور زکوٰة ایسے لوگوں کے لئے چھوڑدیں جو شدید ضرورت رکھتے ہیں۔
11۔ وسائل جلد ۶ ص ۱۸۶-
12۔ صحیح مسلم جلد ۲ ص ۷۵۲-
وہ کام جو ہونا چاہیےایک اہم اسلامی حکم ،خمس
12
13
14
15
16
17
18
19
20
Lotus
Mitra
Nazanin
Titr
Tahoma