چند اہم نکات

سایٹ دفتر حضرت آیة اللہ العظمی ناصر مکارم شیرازی

صفحه کاربران ویژه - خروج
ذخیره کریں
 
تفسیر نمونہ جلد 08
یہ خوبی ہے عیب نہیں مصارف زکوٰة اور اس کی تفصیلات

۱۔ ”فقیر “ او ر” مسکین “ میں فرق : مفسرین میں اس امر کے متعلق اختلاف ہے ۔ بعض کہتے ہیں کہ فقیر او رمسکین کا ایک ہی مفہوم ہے ۔ اس لئے تاکدی کے طور پر مذکورہ بالا آیت میں دو الفاظ آئے ہیں ۔ اس بنا پر مصارف زکوٰة سات ہیں ۔ بعض کا خیال ہے کہ دولوں الگ الگ مفہوم رکھتے ہیں ۔
اکثر مفسرین اور فقہا نے دوسرے احتمال کو مانا ہے اور اس نظر یہ کے طرفداروں نے بھی ان دونوں لفظوں کے بارے میں بہت کچھ کہا ہے لیکن جو زیادہ قرین نظر معلوم ہوتا ہے وہ یہ ہے کہ فقیر وہ شخص ہے جو زندگی کو تنگی ترشی سے گذارتا ہو با وجود اس کے کہ کوئی کام کاج بھی کرتا ہو او رکبھی کسی سے سوال نہ کرتا ہو لیکن مسکین وہ شخص ہے جو زیادہ ضرورت مند ہو او رکوئی کام بھی نہ کرسکتا ہو اس لئے ہر ایک سے سوال کرتا ہو۔
شاید یہ بات مسکین کی بنیادی معنی سے لی گئی ہے یہ لفظ ” سکون “ کے مادہ سے ہے ۔ یعنی اس قسم کا فرد شدید ناداری کی وجہ سے زمین پر بے حس و حرکت پڑا ہے ۔ دوسرے یہ کہ ان دونوں لفظوں کے استعمال کو قرآن ِ مجید میں دیکھنے سے اسی معنی کی تائید ہو تی ہے چنانچہ ہم سورہٴ بلد کی آیت ۱۶ میں پڑھتے ہیں :۔
اَو مِسْکِیْناً ذَا مَتْرَبَة
یا خاک نشین مسکین کو کھانا کھلائے۔
سورہ ٴ نساء کی آیت ۸ میں ہے :۔
”و اذا خضر القسمة اولوا القربیٰ و الیتامیٰ والمساکین فار زقوھم “
جس وقت رشتہ دار ، یتیم اور مسکین ورثے کے وقت موجود ہو تو اس میں سے کچھ نہ کچھ انھیں دے دو۔
اس تعبیر سے معلوم ہوتا ہے کہ مساکین سے مراد سوالی ہیں جو کبھی کبھی ایسے موقع پر آنکلتے ہیں ۔
سورہٴ قلم کی آیت ۲۴ میں ہے :۔
ان لا ید خلنھا الیوم علیکم مسکین
آج کوئی مسکین تمہاری کھیتی باڑی کے احاطہ میں داخل نہ ہونے پائے ۔
جو سوال کرنے والوں کی طرف اشارہ ہے ۔ اسی طرح ” اطعام مسکین “ یا ” طعام مسکین “ کی تعبیر قرآن مجید کی بہت سی آیا ت میں ہے جو نشاندہی کرتی ہے کہ مساکین وہ بھوکے لوگ ہیں جوکھانے کے ایک وعدہ تک کہ محتاج ہیں ۔
جبکہ فقیر کا لفظ جن جن آیات قرآنی میں آیا ہے ان سے بخوبی یہ پتہ چلتا ہے کہ یہ لفظ ان آبرو مند لوگوں کے لئے استعمال ہوتا ہے جو نادار تو ہیں مگر کسی کے سامنے دست ِ سوال دراز نہیں کرتے۔
مثلاً سورہ بقرہ کی آیت ۲۷۳ میں ہے :۔
للفقرآء الذین احصروا فی سبیل اللہ لا یسطتیعون ضربا ً فی الارض یحسبھم الجاھل اغنیآء من التعفف۔
ایسے فقیروں پر خرچ کرنا چاہئیے جو خدا کے راستے میں گرفتار ہوئے ہیں اور اپنی ظاہری حالت ایسی اچھی رکھتے ہیں کہ جاہل ان کی عزت ِ نفس کو دیکھ کر یہ سمجھتا ہے کہ وہ مالدار اور خوشحال ہیں ۔
ان تمام چیزوں سے قطع نظر کرتے ہوئے اس روایت میں جو محمد بن مسلم نے حضرت امام صادق علیہ السلام یا امام محمد باقر علیہ السلام نے نقل کی ہے ہم یہ دیکھتے ہیں کہ حضرت- سے ” فقیر“ او ر” مسکین “ کے بارے میں سوال کیا گیا ، تو آپ نے فرمایا:
الفقیر الذی لایسئل و المسکین الذی ھو اجھد منہ الذی یسئل ۔
فقیر وہ ہے جو لوگوں سے سوال نہیں کرتا ہے او رمسکین کی حالت اس سے زیادہ سخت ہوتی ہے وہ ایسا شخص ہے جو لوگوں سے سوال کرتا ہے اور مانگتا ہے ۔ ۱
یہی مضمون ایک دوسری حدیث میں ابو بصیر کے ذریعے حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام سے منقول ہے او رہر دو احادیث مفہوم مذکورہ بالا کی تصریح کرتی ہیں ۔
البتہ کچھ قرائن اس کے خلاف بھی گواہی دیتے ہیں لیکن اگر تمام قرائن پیش نظر رکھیں تو واضح ہو جاتا ہے کہ حق وہی ہے جو اوپر بیان کیا جا چکا ہے ۔
۲۔ کیا زکوٰة آٹھ حصوں میں برابر تقسیم کی جائےگی ؟ بعض مفسرین اور فقہا کا یہ نظریہ ہے کہ مندرجہ بالا آیت کا ظاہری مطلب یہ ہے کہ زکوٰة کا مال آٹھ حصوں میں مساوی مساوی تقسیم کیا جائے اور ہر ایک حصہ اپنے ہی مصرف میں خرچ کیا جائے مگر یہ کہ مالِ زکوٰة کی مقدار اتنی کم ہو کہ وہ آٹھ حصوں میں نہ باٹا جا سکے ۔ لیکن فقہاء کی بہت بڑی اکثریت اس نظر یہ کی حامی ہے کہ مندر جہ بالا آٹھ اصناف ایسی ہیں کہ جن میں زکوٰة کو صرف کیا جا سکتا ہے لیکن ان میں تقسیم کرنا واجب نہیں ہے ۔
حضرت رسول اکرم ، آئمہ اطہار - او ران کے اصحاب کی سیرت قطعی بھی اسی معنی کی تائید کرتی ہے علاوہ ازیں چونکہ اسلامی مالیات میں سے ایک مالیہ ہے اور اسلامی حکومت کا فرض ہے کہ اسے رعا یا سے وصول کرے اور اس کے نفاذ کا مقصد بھی یہی ہے کہ اس سے اسلامی معاشرے کی گوناگوں ضروریات پوری ہوں اس لئے فطرتاً اس کے مصرف کی کیفیت آٹھوں مصارف میں سے ایک طرف اجتماعی ضروریات سے وابستہ ہے اور دوسری طرف اسلامی حکومت کی فکرو نظر سے ۔
۳۔زکوٰة کس وقت وجب ہوئی تھی ؟ قرآن کی مختلف آیات مثلاً اعراف ۱۵۶، نمل ۳ ، لقمان ۴ ، سورہٴ حم السجدہ آیت ۷ سے جو سب کی سب مکی ہیں ، یہ معلوم ہوتا ہے کہ وجوب زکوٰة کا حکم مکہ مکرمہ میں نازل ہوا او رمسلمان اس اسلامی فرض کی بجا آوری کے پابند تھے لیکن جب رسول اللہ مدینہ منورہ میں تشریف لائے اور اسلامی حکومت کی بنیادرکھی تو فطری طور پر بیت المال کے قیام کی ضرورت پڑی چنانچہ خدا وند عالم کی طرف سے آپ کو حکم ملا کہ آپ مسلمانوں سے خود زکوٰة وصول کریں ( نہ کہ وہ خود اپنے رائے اور مرضی سے اسے صرف کریں )آیہٴ شریفہ :۔
خذ من اموالھم صدقہ 
ان کے مال سے زکوٰة لو( توبہ ۔ ۱۰۳)
اسی مو قع پر نازل ہوئی۔
اور مشہور یہ ہے کہ یہ حکم ہجرت کے دوسرے سال میں آیاتھا اس کے بعد زکوٰة کے مصارف جز یاتی تفصیل کے ساتھ اس آیت میں نازل ہوئے جس پر ہم بحث کررہے ہیں ۔ یعنی سورہٴ توبہ کی آیت ۶۰ او ریہ کوئی تعجب کی با ت نہیں ہے کہ زکوٰة لینے کاحکم آیت ۱۰۳ میں آیا ہے اور ا س کے مصارف کا تذکرہ ہجرت کے نویں سال آیت ۶۰ میں ہوا ہے ۔
کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ آیات قرآن کو جمع ترتیب ، تاریخ نزول ِ قرآن کے مطابق نہیں ہے بلکہ حکم رسول سے ہر ایک آیت مناسب مقام پر رکھی گئی ہے ۔
۴۔ ” موٴلفة قلبھم “ سے مراد کون لوگ ہیں ؟ جو کچھ ” موٴلفة قلوبھم “ کی تعبیر سے سمجھ میں آتا ہے وہ یہ ہے کہ مصارف زکوٰة میںسے کچھ روپیہ ان اشخاص پر خرچ کیا جاتا ہے کی تالیف قلب مقصود ہوتی ہے لیکن کیا ان سے مراد وہ کا فر او رغیر مسلم، ہیں جن کو جہاد میں مدد پر آمادہ کرنے کے لئے زکوٰة دی جاتی ہے ؟ یا اس میں ضعف الایمان مسلمان بھی شامل ہیں ؟
جس طرح ہم فقہی مباحث میں کہہ چکے ہیں کہ یہ آیت اور اسی طرح چند ایک روایات جو اس سلسلے میں ہیں ایک وسیع مفہوم رکھتی ہیں ۔ اور یہ ان تمام لوگوں کے بارے میں ہیں جن کو مال دینے سے اسلام او راہل اسلام کو فائدہ پہنچ سکتا ہے اور اس کے صرف کافروں کے لئے ہونے کی کوئی دلیل نہیں ہے ۔
۵۔ اسلام میں زکوٰة کی اہمیت اور اثر :۔ اس امر کے پیش نظر کے اسلام صرف اخلاقی یا فلسفی اور اعتقادی مکتب ِ فکر کی صورت میں ظاہر نہیں ہوا ۔ بلکہ وہ ایک ایسے جامع دستور و آئین کے طور پر ظہور میں آیا ہے جس میں تمام مادی اور روحانی ضروریات کا خیال رکھا گیا ہے ۔
نیز جب ہم یہ دیکھتے ہیں کہ اسلام نے پیغمبر کے عہد سے ہی حکومت کی بنیاد رکھی، اسی طرح السام محروم لوگوں کی حمایت اور طبقاتی فاصلوں سے جنگ آزمائی پر خاص توجہ دیتا ہے تو اس سے واضح ہو جاتا ہے کہ بیت المال او رزکوٰة کی کس قدر اہمیت ہے ۔ کیونکہ زکوٰة بیت المال کی آمدنی کا ایک سر چشمہ ہے اور یہ اس سلسلے میں اہم ترین کردار کرنے والے امور میں سے ہے ۔ اس میں شک نہیں کہ ہر معاشرے میں ایسے بیکار ، بیمار، یتیم ، لاوارث اور محتاج و معذور افراد ہوتے ہیں کن کی امداد کرنا از بس ضروری ہے ۔
نیز دشمن کے حملے کے وقت سرفروش مجاہدین کی ضرورت ہے جن کے اخراجات حکومت بر داشت کرتی ہے ۔ اسی طرح اسلامی حکومت کے ملازمین عدلیہ ، نشر و اشاعت کے وسیلوں او ر دینی مراکز میں سے بھی ہر ایک کےلئے سرمایے کی ضرورت پڑتی ہے جو منظم اور اطمنان بخش مالی وسائل کے بغیر نہیں چل سکتے ۔
اسی بنا پر اسلام میں زکوٰة جو مالی وسائل کی ایک قسم ہے اور جو آمدنی ، تولید مال اور منجمد دولت پر لاگو مالیات میں شمار ہوتی ہے ، ایک خاص اہمیت کی حامل ہے ۔ یہاں تک کہ یہ اہم ترین عبادت کے ہم پلہ قرار پائی ہے اور بہت سے مواقع پر اس کا ذکر نماز کے ساتھ ہوا ہے ۔ حد یہ ہے کہ زکوٰة کو قبولیت ِ نماز کی شرط قرار دیا گیا ہے ۔ حتیٰ کہ روایات ِ اسلامی حکومت کسی شخص یا چند افراد سے زکوٰة کا مطالبہ کرے اور وہ حکومت کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں اور زکوٰة دینے سے انکار کردیں تو وہ شمار ہوں گے اور ان پر پند و نصا ئح کا کوئی اثر نہ ہو تو ان کے خلاف فوجی کارروائی کرنا بھی جائز ہے ۔
چنانچہ ایک روایت میں حضرت امام صادق علیہ السلام فرماتے ہیں :۔
”من منع قیراطاً من الرکوٰة فلیس ھو بموٴمن ، ولا مسلم ، ولا کرامة “
جو شخص مال زکوٰة سے ایک قیراط( جو کہ چار رتی دانوں کے برابر وزن ہے ) نہ دے تو وہ مومن ہے اور نہ مسلمان اور نہ اس کی کوئی قدر و قیمت ہے ۔ 2
قابل توجہ امر یہ ہے کہ روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ اسلام میں زکوٰة کی حدود ار اس کی مقدار ایسی حکمت کے ساتھ مقرر کی گئی ہے کہ اگر تمام مسلمان مالِ زکوٰة کی صحیح او رمکمل ادائیگی کریں تو اسلامی حکومت میں کوئی شخص فقیر او رنادار نہیں رہے گا ۔
چنانچہ امام صادق علیہ السلام فرماتے ہیں :
ولو ان الناس ادوا زکوٰة اموالھم مابقی مسلم فقیرا محتاجا  و ان الناس مافتقروا، ولا احتاجوا ولاجاعوا ، ولا عروا ، الا بذنوب الاغنیآء
اگر تمام لوگ اپنے اپنے مال کی زکوٰة دیں تو کوئی مسلمان فقیر و محتاج نہ رہے گا  اور لوگ مالداروں کے گناہوں کی وجہ سے ہی فقیر ، محتاج او ربھوکے ننگے ہوتے ہیں ۔ 3
نیز روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ زکوٰة کی ادائیگی اصل ملکیت کی حفاظت اور اس کی بنیادوں کی مضبوطی کا سبب ہے ۔
اسی طرح اگر لوگ اس اہم بنیادی اسلامی فریضة کو بھلادیں تو مختلف گروہوں کے درمیان اس قدر دوری ہو جائے گی کہ اہل ثروت کا مال خطرے میں پڑ جائے گا
حضرت موسی بن جعفر - فرماتے ہیں :
حصنوا اموالکم بالزکوٰة
اپنے مال کی زکوٰة دے کر محفوظ کرلو ۔ 4
یہی مضمون حضرت پیغمبر اکرم اور امیر المومنین علیہ السلام سے بھی دوسری احادیث میں منقول ہے ۔ مزید معلوم مات کے لئے وسائل الشیعہ کی چھٹی جلد کے ابواب ایک ، تین ، چار، او رپانچ کی طرف رجوع فر مائیے ۔
۶۔ ”لام “ اور ”فی “کا فرق:۔ آخری نکتہ جس کی طرف توجہ ضروری ہے کہ آیت میں چار گروہوں کے ساتھ لفظ ”لام “ لگایا گیا ہے

 ( إِنَّمَا الصَّدَقَاتُ لِلْفُقَرَاءِ وَالْمَسَاکِینِ وَالْعَامِلِینَ عَلَیْھَا وَالْمُؤَلَّفَةِ قُلُوبھُمْ )۔
یہ عام طور پر ملکیت کی نشانی ہے ۔
دوسرے چار گروہوں کے لئے لفظ ” فی “ آیا ہے ( وَفِی الرِّقَابِ وَالْغَارِمِینَ وَفِی سَبِیلِ اللهِ وَاِبْنِ السَّبِیلِ )۔یہ ” فی “ زیادہ مصرف کے بیان کے لئے ہے ۔ ۱
۱۔ خیال رہے کہ دومقامات پر ”فی “ صراحت کے ساتھ ہے اور دو جگہ مجرور” فی “ پر عطف ہے ۔ جیسے ”لام “ کا ایک جگہ پر ذکر ہے اور باقی اسی پر عطف ہے۔
مفسرین میں اس اختلاف تعبیر کی تفسیر میں اختلاف ہے ۔ بعض کا نظریہ ہے کہ پہلے چار گروہ زکوٰة کے مالک ہیں اور دوسرے چار گروہ مالک نہیں صرف جائز ہے کہ زکوٰة ان پر صرف کی جائے ۔
بعض کا نظریہ یہ ہے کہ تعبیر کا یہ اختلاف ایک اور نکتہ کی طرف اشارہ کرتا ہے اور وہ یہ ہے کہ دوسرے چار گروہ زیادہ مستحق ہیں کیونکہ لفظ ” فی “ ظرفیت کے بیان کےلئے ہے ۔ یعنی یہ چار زکوٰة کے ظرف ہیں اور زکوٰة ان کی مظروف ہے جبکہ پہلے گروہ ایسے نہیں ہیں لیکن ہم نے یہاں ایک اور احتمال کو انتخاب کیا ہے اور وہ یہ ہے کہ چھ گروہ فقراء، مساکین ، عاملین ، موٴلفہ قلوبھم ، غارمین اور ابن سبیل جن کا ذک رفی کے بغیر ہے ۔ بر ابر ہیں اور ایک دوسرے پر عطف ہیں اور دوسرے دو گرہ جو کہ ” فی الرقاب“ اور ” فی سبیل اللہ “ ہیں اور جو لفظ ” فی “ کے ساتھ ہیں وہ ایک مخصوص شکل رکھتے ہیں ۔ شاید یہ تعبیر کا فرق اس لحاظ سے وہ کہ چھ گروہ تو مالک زکوٰة ہو سکتے ہیں اور خود اور خود انھیں زکوٰة دی جا سکتی ہے ( یہاں تک کہ ایسے مقروض لوگ جو اپنا قرض ادا نہ کر سکیں البتہ اس صورت میں جبکہ یہ اطمنان ہو کہ وہ اسے اپنے قرض کی ادائیگی خرچ کریں گے ) لیکن باقی دونوں زکوٰة کے مالک نہیں ہوں گے ۔ اور نہ خود انھیں دی جائے گی بلکہ ان کے لئے خرچ کی جائے گی ۔ مثلاً غلاموں کو مالِ زکوٰة سے خرید کر آزاد کیا جائے ۔ واضح ہے کہاس طرح زکوٰة کے مالک نہیں ہوں گے ۔ ۔ اسی طرح وہ مواقع کہ جو” فی سبیل اللہ “کے مفہوم میں آتے ہیں ۔ مثلاجہاد کا سازو سامان اور اسلحہ مہیا کرنا یا مسجد بنانا او ردینی مراکز قام ئم ۔ اس قسم کے امور میں کوئی بھی زکوٰة کا مالک نہیں ہے بلکہ وہ اس کے مصرف ہیں ۔ غرضیکہ تعبیر کا یہ فر ق اس بات کو بخوبی واضح کرتا ہے کہ قرآنی تعبیرات کس قدر جچی تلی ہیں ۔

 

۶۱۔ وَمِنْھمْ الَّذِینَ یُؤْذُونَ النَّبِیَّ وَیَقُولُونَ ہُوَ اٴُذُنٌ قُلْ اٴُذُنُ خَیْرٍ لَکُمْ یُؤْمِنُ بِاللهِ وَیُؤْمِنُ لِلْمُؤْمِنِینَ وَرَحْمَةٌ لِلَّذِینَ آمَنُوا مِنْکُمْ وَالَّذِینَ یُؤْذُونَ رَسُولَ اللهِ لَھُمْ عَذَابٌ اٴَلِیم۔
ترجمہ
۶۱۔ ان میں سے کچھ ایسے ہیں جو پیغمبر کو تکلیف پہنچاتے ہیں او رکہتے ہیں کہ آپ خوش باور اور ہمہ تن گوش ہیں ۔ کہہ دو کہ اس کا خوش فہم ہونا تمہارے فائدے میں ہے ( لیکن جان لو) وہ خدا پر ایمان رکھتا ہے اور ( صرف )مومنین کی تصدیق کرتا ہے اور تم میں سے ان لوگوں کے لئے رحمت ہے جو ایمان لائے ہیں ۔ جو لوگ اللہ کے رسول کو اذیت پہنچاتے ہیں ان کے لئے درد ناک عذاب ہے ۔

 


۱ ۔ وسائل الشیوہ جلد ۶ ص ۱۴۴ ابواب مستحقین زکوٰة باب ۱ حدیث ۲۔
2۔ وسائل الشیعہ ج۶ ، ص۲۰ باب ۴ حدیث ۹ ۔
3۔ وسائل الشیعہ ج ۶ ص۴ ( باب ۱ حدیث ۶ ابواب زکوٰة )
4۔ وسائل ج۶ ص ۶ ( باب ۱ حدیث ۱۱ ابواب زکوٰة )
یہ خوبی ہے عیب نہیں مصارف زکوٰة اور اس کی تفصیلات
12
13
14
15
16
17
18
19
20
Lotus
Mitra
Nazanin
Titr
Tahoma